پشاور کے دیر کالونی اسکول سانحے کی تحقیقات میں مزید تین افراد کو مقدمے میں نامزد کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نامزد افراد کی تعداد چار ہوگئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق اسکول کے مالک کے ساتھ مزید تین افراد کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد اسکول مالک کے کاروباری شراکت دار تھے، تاہم وہ اپنے گھروں سے غائب ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق مقدمے میں فی الحال دہشتگردی کی دفعات شامل نہیں کی گئیں۔ نامزد ملزمان کی گرفتاری اور ان کے بیانات قلم بند کرنے کے بعد تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پشاور کے دیر کالونی اسکول میں پیش آنے والے سانحے میں اساتذہ سمیت 35 بچے جاں بحق ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد ذمہ داران کا تعین کرنے اور حفاظتی انتظامات سے متعلق پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔