دہشتگردی کے خلاف ریاستی اداروں کا دفاع جاری رکھیں گے، بابر یوسفزئی
معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے حالات کا موازنہ درست نہیں، جبکہ بلوچستان کے عوام اور صوبائی حکومت دہشتگردی کے خلاف ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ ریاست ہے تو سیاست ہے، اس لیے ذاتی مفادات یا سیاسی مقاصد کے لیے ریاست کو نشانہ بنانا کسی بھی سیاستدان کو زیب نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہزاروں قربانیوں کے باوجود صوبے کے عوام اور حکومت ہمیشہ ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، جبکہ ان کے بقول خیبرپختونخوا حکومت کا جھکاؤ ہمیشہ دہشتگردوں کی طرف رہا ہے۔
بابر یوسفزئی نے بعض سیاستدانوں کی جانب سے ریاستی اداروں کے خلاف دیے گئے بیانات کو گمراہ کن اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان سمیت سکیورٹی اداروں کی قربانیاں قابل فخر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے ہمیشہ دہشتگردوں کے خلاف ریاستی اداروں کا دفاع کیا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔