تازہ ترین

یمن میں صدارتی محل پر میزائل حملہ، 4 افراد جاں بحق، 10 زخمی

0

یمن کے جنوبی شہر عدن میں صدارتی محل پر میزائل حملے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد جائے وقوعہ سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا، جبکہ یمنی حکومت کے فوجی ذرائع اور مقامی پولیس اہلکاروں نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق جمعرات کو ہونے والے حملے میں العاشق صدارتی محل کو پانچ میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ اس محل میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کا صدر دفتر بھی قائم ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ میزائل حملے سے محل کا علاقہ متاثر ہوا۔
عدن کے رہائشیوں نے دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی، جبکہ جائے وقوعہ پر موجود صحافی نے محل کی سمت سے دھواں اٹھتے دیکھا۔ حوثیوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ گروپ نے العاشق محل میں قائم فوجی آپریشنز کے مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔
یمن میں جاری جنگ اور صحافتی پابندیوں کے باعث حملے میں ہونے والے تمام نقصانات اور متاثرہ تنصیبات کی مکمل تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
عدن بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کا عبوری دارالحکومت ہے، جبکہ ملک کے اصل دارالحکومت صنعا پر حوثی گروپ کا قبضہ ہے۔ دونوں فریقوں کے درمیان اقتدار اور علاقائی کنٹرول کا تنازع طویل عرصے سے جاری ہے۔
یمن میں انتقالِ اقتدار کا تنازع 2014 میں شدت اختیار کرگیا تھا، جس کے بعد ملک کے مختلف حصے حوثیوں اور دیگر فریقوں کے کنٹرول میں آگئے۔ سعودی قیادت میں اتحادی فوج بھی تنازع میں شامل رہی ہے، جبکہ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور مسلح تصادم بدستور اہم چیلنجز ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.