صحبت پور کی طالبات کے لیے سفری سہولت بحال، کالج بس دوبارہ چل پڑی
صحبت پور میں طالبات کو درپیش سفری مشکلات دور کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کے نتیجے میں گورنمنٹ گرلز انٹر کالج کی معطل بس سروس بحال کر دی گئی ہے۔ اس اقدام سے خصوصاً دور دراز علاقوں سے کالج آنے والی طالبات کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے گزشتہ دنوں کالج کا دورہ کیا تھا، جہاں انہیں بتایا گیا کہ ڈرائیور کی عدم دستیابی کے باعث بس سروس بند ہے اور طالبات کو کالج آنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ضروری اقدامات کیے، جن کے نتیجے میں بس سروس دوبارہ شروع کر دی گئی۔ بس کی بحالی سے طالبات کو وقت کی بچت، تعلیمی سرگرمیوں میں باقاعدہ شرکت اور امتحانات کی تیاری پر توجہ دینے میں مدد ملنے کی توقع ہے، جبکہ والدین کی پریشانیوں میں بھی کمی آئے گی۔
ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے بچیوں کی تعلیم کے فروغ اور تعلیمی سہولیات کی بہتری کی اہمیت پر زور دیا۔ طالبات کے لیے محفوظ اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی کو ان کی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھنے میں اہم قرار دیا گیا۔
والدین سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اپنی بیٹیوں کی تعلیم کو ترجیح دیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ والدین، اساتذہ اور تعلیمی ادارے باہمی تعاون سے بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں تاکہ سفری مشکلات یا بنیادی سہولیات کی کمی کسی طالبہ کی تعلیم میں رکاوٹ نہ بنے۔