تازہ ترین

1. امریکی دباؤ ایران کی قیادت کو اپنے مقاصد سے پیچھے نہ ہٹا سکا، پاسداران انقلاب

0

ایران کی پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر بریگیڈیئر جنرل یداللہ جوانی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران کے نظام کے خاتمے کی توقع لگا کر سنگین غلطی کی۔

الجزیرہ کے مطابق پاسداران انقلاب کے شعبۂ سیاسی امور کے نائب سربراہ یداللہ جوانی کا کہنا ہے کہ امریکی قیادت نے ایران کے استحکام اور بحرانوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کا درست اندازہ نہیں لگایا۔ ان کے مطابق امریکی حکمت عملی ایرانی معاشرے کی زمینی حقیقتوں کو مدنظر رکھ کر نہیں بنائی گئی تھی۔

یداللہ جوانی نے کہا کہ امریکا نے یہ سمجھنے میں غلطی کی کہ سپریم لیڈر کی ہلاکت کے بعد ایران کا نظام کمزور ہو کر بکھر جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت سے پہلے بھی امریکا ایران پر مسلسل دباؤ ڈالتا رہا، لیکن ایرانی قیادت کی ثابت قدمی اور ردعمل کے باعث یہ کوششیں اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکیں۔

رپورٹ کے مطابق فروری کے آخری روز امریکا اور اسرائیل کے حملے میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای، عسکری قیادت اور قومی سلامتی کے مشیر سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بعد ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر مقرر کیا گیا۔

امریکی قیادت کا مفروضہ تھا کہ خامنہ ای کی ہلاکت سے ایران کی عسکری اور عوامی قیادت کا حوصلہ کم ہو جائے گا اور ملک میں عدم استحکام پیدا ہوگا۔ اسرائیل کا مؤقف بھی یہ تھا کہ ان کی ہلاکت کے بعد ایران میں افراتفری پھیل سکتی ہے اور حکومت مخالف عناصر کو اپنے اثرورسوخ میں اضافے کا موقع مل سکتا ہے۔

تاہم، ایرانی قیادت کا کہنا ہے کہ ملک کا نظام مضبوط ہے اور کسی ایک شخصیت کی جگہ دوسری شخصیت ذمہ داریاں سنبھال سکتی ہے۔ یداللہ جوانی کے بیان میں بھی اسی مؤقف پر زور دیا گیا کہ ایران کے سیاسی اور ریاستی ڈھانچے کے بارے میں امریکی اندازے درست ثابت نہیں ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.