گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے، اشتعال انگیزی اور دنگا فساد میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبے کے عوام صدارتی اعلامیے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور انہوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ فتنہ الخوارج کے ساتھ مزید نہیں رہ سکتے۔
گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق صوبے کے عوام دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے بھی خواہاں ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ عوام سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگا فساد سے اجتناب کریں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ امن و امان خراب کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔