تازہ ترین

کراچی کے مسائل حل کرنا پیپلز پارٹی کی ترجیح ہے، بلاول بھٹو

0

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پانی کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق نے کراچی کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک کیا ہے اور شہر کو پانی کی فراہمی کے معاملے پر سوال اٹھایا۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کراچی کو ترجیح دیتی ہے اور شہر کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی شہر میں پیدا ہوئے ہیں، ان کی والدہ بھی کراچی میں پیدا ہوئی تھیں اور وہ اپنے شہر کی خدمت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی کیوں نہیں دیا جا رہا، جبکہ وہ کے فور منصوبے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں موٹرویز بن سکتی ہیں تو حیدرآباد اور سکھر میں موٹروے بھی بننی چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کی جانب سے پانی اور شہری مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح پانی کو صاف کیا گیا ہے، اسی طرح سیاست کی گندگی کو بھی اپنے کام کے ذریعے صاف کیا جائے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منصوبے کی سو فیصد فنڈنگ صوبائی حکومت نے فراہم کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کو 125 کلومیٹر دور سے پانی لانا پڑتا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے شہر کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور ہوگا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سیوریج کے پانی کو ری سائیکل کرکے صنعتی زون میں استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا آغاز کردیا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں گٹر باغیچہ میں سیوریج ٹریٹمنٹ کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.