کمشنر مکران کا یونیورسٹی آف گوادر اور پاک چائنا ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کا دورہ
گوادر: کمشنر مکران ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ نے ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کے ہمراہ یونیورسٹی آف گوادر کے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کرکے ادارے کے تعلیمی، انتظامی اور ترقیاتی امور کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر مکران نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد سے ملاقات کی، جہاں انہیں یونیورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ کے مختلف امور، جاری منصوبوں، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران یونیورسٹی کو درپیش مالی و انتظامی مسائل، وسائل کی دستیابی، ادارہ جاتی کارکردگی اور انتظامی معاملات میں بہتری کے لیے مختلف اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمشنر مکران نے گوادر میں اعلیٰ تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور نوجوانوں کے لیے معیاری تعلیمی مواقع کے فروغ میں یونیورسٹی آف گوادر کے کردار کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں کمشنر مکران نے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبوں اور حال ہی میں قائم آئی ٹی ہب لیبارٹریز کا معائنہ کیا، جہاں انہیں فنی و پیشہ ورانہ تربیتی سرگرمیوں اور جدید سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔