تازہ ترین

گورندر، ماشکیل میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، سرفراز بگٹی کا خراجِ تحسین

0

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے گورندر اور ماشکیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی۔ ان کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز عزمِ استحکام وژن کے تحت پرعزم ہیں اور دہشت گردوں کو اپنے عزائم کی تکمیل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں، جبکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی اور ملک و صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

تازہ دستیاب رپورٹس کے مطابق گورندر اور ماشکیل میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.