پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بات چیت کے نتیجے میں اپوزیشن غیرمشروط طور پر اپنا لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ حکومت نے سیاسی مسائل کے حل کیلئے پیپلزپارٹی کی تجویز کو قبول کرتے ہوئے اپوزیشن کے ساتھ مشترکہ سیاسی بات چیت کا راستہ اختیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا چیلنج پاکستان کی بقا کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے، خصوصاً پڑوسی ممالک کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کو ملنے والی مبینہ حمایت کے تناظر میں اس خطرے سے نمٹنے کیلئے قومی اتحاد ضروری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے اور ان کے اختتام پر اپوزیشن لانگ مارچ غیرمشروط طور پر ختم کرنے کا اعلان کرے گی، جس کے بعد قوم متحد ہوکر دہشت گردی اور بیرونی خطرات کا مقابلہ کرسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی دہشت گردی کے خلاف تمام آئینی ذرائع سے کردار ادا کرنے کیلئے ماضی میں بھی پرعزم رہی ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور جمعہ کو ہوا، جس کے بعد دونوں فریقین نے ہفتے کو دوبارہ مذاکرات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔