ارشد ندیم کی 80.29 میٹر تھرو، ناگویا میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی
پاکستان کے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے 80.29 میٹر کی سیزن بیسٹ تھرو پھینکنے کے باوجود ناگویا میں ہونے والے جیولن تھرو فائنل میں چوتھی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سری لنکا کے رومیش پاتھیراگے نے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔
ناگویا سٹی میزہو پارک ایتھلیٹک اسٹیڈیم میں بارش سے متاثرہ فائنل کے دوران ارشد ندیم کو بھاری بادلوں اور پھسلن والی رن وے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے پہلی کوشش میں 76.69 میٹر کی تھرو کی، جبکہ دوسری کوشش فاؤل ہوگئی۔
ارشد ندیم نے تیسری کوشش میں نمایاں بہتری دکھاتے ہوئے 80.29 میٹر کی تھرو پھینکی اور چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے، تاہم اس کے بعد وہ اپنی کارکردگی بہتر نہ بنا سکے اور مسلسل تین فاؤلز کے باعث ان کی مہم اختتام پذیر ہوگئی۔
ورلڈ نمبر ون اور فیورٹ سری لنکا کے رومیش پاتھیراگے نے بھی ابتدائی تین کوششوں کے بعد 83.56 میٹر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، تاہم چوتھی کوشش میں 88.33 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ برتری حاصل کرلی۔ انہوں نے چھٹی کوشش میں مزید بہتری لاتے ہوئے 88.55 میٹر کی تھرو پھینکی۔
پاتھیراگے کی کامیابی اس لیے بھی نمایاں ہے کہ مقابلے سے صرف دو ہفتے قبل بڈاپسٹ سے واپسی کے دوران ان کے پانچوں جیولن ٹوٹ گئے تھے۔ یہی جیولن وہ اس سیزن میں 90 میٹر سے زیادہ کی اپنی تمام تھروز کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
بھارت کے یشویر سنگھ نے اپنی آخری کوشش میں ذاتی بہترین 85.72 میٹر کی تھرو کے ساتھ سلور میڈل حاصل کیا، جبکہ ان کے ہم وطن روہت یادو نے 84.35 میٹر کے ساتھ برانز میڈل جیتا۔
پاکستان کے محمد یاسر نے فائنل میں نویں پوزیشن حاصل کی، ان کی بہترین تھرو 73.50 میٹر رہی۔
ارشد ندیم کے لیے یہ سیزن مشکلات سے بھرپور رہا۔ پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم اس فارم کو برقرار رکھنے میں مشکلات کا شکار رہے۔ وہ گلاسگو میں کامن ویلتھ گیمز میں نویں اور بڈاپسٹ میں ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپئن شپ میں پانچویں نمبر پر رہے۔
دوسری جانب رومیش پاتھیراگے نے رواں سال شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور 12 میں سے 11 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔ وہ رواں سال تین مرتبہ 90 میٹر سے زیادہ تھرو کرچکے ہیں جبکہ ڈائمنڈ لیگ فائنل، کامن ویلتھ گولڈ اور ورلڈ الٹی میٹ ٹائٹل بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔