پشاور: ضلع ٹانک میں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں وزیر آباد کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے موبائل گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
تھانہ سٹی پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس نے شہید اہلکاروں کی لاشیں اسپتال منتقل کردیں، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 3 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔