تازہ ترین

سیاحت کے فروغ سے روزگار اور معاشی مواقع پیدا ہوں گے: شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور سیاحتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ مقامی آبادیوں اور نوجوانوں کے لیے روزگار اور معاشی ترقی کے مواقع پیدا کرنا بھی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے سیاحوں اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے جذبہ جستجو، تجسس اور دریافت کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان غیر معمولی قدرتی حسن، قدیم تاریخی آثار، مالا مال تہذیبی ورثے اور متنوع ثقافتی روایات سے مالا مال ملک ہے، جو سیاحت کے فروغ اور ترقی کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق حکومت سیاحتی انفراسٹرکچر مضبوط بنانے کے ساتھ مقامی آبادیوں اور نوجوانوں کے لیے روزگار سمیت معاشی و سماجی مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو دنیا کے سامنے ایک محفوظ، پرکشش اور مسابقتی سیاحتی منزل کے طور پر پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا معتدل موسم، دلکش پہاڑی مناظر اور خوبصورت وادیاں دنیا بھر کے سیاحوں کو متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہزاروں سال پرانی وادی سندھ اور گندھارا تہذیبوں کا مسکن ہے، جبکہ ملک میں سکھ مت، بدھ مت اور دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے لیے تاریخی اہمیت کے حامل مقدس مقامات بھی موجود ہیں، جو مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کا فروغ معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے ساتھ مختلف ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے میں بھی معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ مختلف ثقافتوں سے آگاہی انسان کے نقطہ نظر کو وسیع کرتی اور اس کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دیتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت اور تفریح کا فروغ صحت مند ذہن، مثبت سرگرمیوں اور متوازن طرز زندگی کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.