تازہ ترین

نسل کشی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا، اردوان

0

استنبول: ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے غزہ کی صورتحال کے تناظر میں جنگی جرائم اور نسل کشی کے ذمہ دار افراد کو انصاف کے سامنے جواب دہ بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو عدالتوں میں اپنے اقدامات کا جواب دینا چاہیے۔

استنبول میں ایک تجارتی نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ جنگی جرائم کے مرتکب افراد کو اقوام متحدہ کے اجلاسوں میں خطاب کرنے کے بجائے عدالتوں میں جواب دہ ہونا چاہیے۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ اگر نسل کشی کے ذمہ دار افراد کو قانون اور تاریخ کے سامنے جواب دہ نہ بنایا گیا تو ایسے واقعات کے دوبارہ رونما ہونے کا خطرہ برقرار رہے گا۔

انہوں نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اور غزہ کے عوام اپنے حقوق اور انصاف کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔ ان کے مطابق ترکیے اپنی استطاعت کے مطابق مظلوموں کی آواز بلند کرتا رہے گا۔

رجب طیب اردوان نے ترکیے کی معاشی کارکردگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ملک گزشتہ 24 سہ ماہیوں سے مسلسل اقتصادی ترقی کر رہا ہے اور اس وقت دنیا کی 16ویں بڑی معیشت ہے۔

ترک صدر کے مطابق 2002 میں برآمدات کرنے والی ترک کمپنیوں کی تعداد تقریباً 33 ہزار تھی، جو بڑھ کر ایک لاکھ 68 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.