اسلام آباد-وزیراعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کریں گے، جہاں وہ اہم عالمی اور علاقائی معاملات پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے جاری جنرل ڈیبیٹ کے دوران وزیراعظم عالمی رہنماؤں سے خطاب کریں گے۔ دستیاب شیڈول کے مطابق شہباز شریف کا خطاب البانیہ کے بعد ہوگا۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال، تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات و سفارت کاری، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی مسائل پر پاکستان کی ترجیحات بیان کریں گے۔
پاکستانی مؤقف کے مطابق وزیراعظم فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ریاست کے قیام جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر بھی عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران بھی عالمی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو اہم قرار دیا۔
اقوام متحدہ کے مطابق 81ویں جنرل اسمبلی کا جنرل ڈیبیٹ 22 سے 26 ستمبر اور 28 ستمبر تک جاری رہے گا۔