تازہ ترین

امریکی دباؤ کے باوجود ایران کی تیل فروخت میں بڑا اضافہ

0

تہران: امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی اور اقتصادی دباؤ کے باوجود ایران کی ستمبر میں تیل کی فروخت دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی ستمبر میں تیل کی فروخت 3 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی، جو گزشتہ دو برس کے دوران کسی ایک ماہ میں ریکارڈ کی جانے والی بلند ترین سطح ہے۔ یہ اعداد و شمار ایرانی منصوبہ بندی و بجٹ ادارے کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے حوالے سے سامنے آئے ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی بجٹ میں مقررہ ہدف سے بھی آگے نکل گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیل آمدنی میں اضافے سے حکومت کو درآمدات کیلئے اضافی مالی وسائل دستیاب ہوئے، جبکہ قومی ترقیاتی منصوبوں پر اخراجات جاری رکھنے کی گنجائش بھی برقرار رہی۔

رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے سامنے آنے والے اعداد و شمار ایسے وقت میں آئے ہیں جب امریکا نے ایرانی تیل کی برآمدات اور مالی ذرائع پر دباؤ بڑھا رکھا ہے۔ اس سے قبل ایرانی تیل کی آمدنی سے متعلق جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ مارچ سے جولائی کے دوران 7.5 ارب ڈالر کی تیل آمدنی مرکزی بینک کو منتقل کی گئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق چین ایرانی تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے۔ تاہم آزاد ذرائع کی سابقہ رپورٹس میں امریکی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کی خام تیل برآمدات میں نمایاں رکاوٹ کی نشاندہی کی گئی ہے، اس لیے ستمبر میں 3 ارب ڈالر سے زائد فروخت کے دعوے کی تفصیلات اور برآمدی راستے واضح نہیں کیے گئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.