ریاض پر بڑا حملہ ناکام، حوثیوں کا بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ
ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل کو سعودی فضائی دفاعی نظام نے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں بھی ناکام بنانے کی اطلاع دی گئی ہے۔
سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثی گروپ کی جانب سے ریاض کے علاوہ بیش، طائف، فرسان اور ینبع میں شہری آبادی اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم سعودی فضائی دفاع نے ان حملوں کو روک دیا۔
ریاض میں حملے کے دوران دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات سامنے آئیں جبکہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف دھوئیں کے بادل بھی دیکھے گئے۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب حوثی گروپ کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ تنظیم نے ریاض میں حساس مقامات اور ینبع میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
حوثی ترجمان نے اپنے دعوے کے حق میں مزید تفصیلات یا ایسے شواہد پیش نہیں کیے جن کی آزادانہ طور پر تصدیق کی جاسکے۔
ریاض کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش سعودی عرب اور حوثی گروپ کے درمیان جاری کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آئی ہے، جبکہ سعودی حکام کی جانب سے اہم شہری و دفاعی تنصیبات کے تحفظ کے لیے فضائی دفاعی نظام کو الرٹ رکھنے کی اطلاعات ہیں۔