تازہ ترین

گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے 7 فیصد بڑھ گئے، اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہونے کا خدشہ

0

کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات اب مال بردار ٹرانسپورٹ کے شعبے تک بھی پہنچ گئے ہیں، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ایندھن کے بڑھتے اخراجات کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 7 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کے مطابق گزشتہ سات روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 26 روپے 88 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث موجودہ کرایوں پر مال بردار گاڑیاں چلانا ٹرانسپورٹرز کے لیے مشکل ہوگیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ انہوں نے ایندھن کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے گزشتہ روز ڈیزل کی قیمت میں مزید 3 روپے 47 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 424 روپے 92 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کا براہ راست اثر ملک بھر میں سامان کی ترسیل کے اخراجات پر پڑنے کا امکان ہے۔ مال برداری مہنگی ہونے سے منڈیوں اور بازاروں تک اشیائے ضروریہ پہنچانے کی لاگت بڑھ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں سبزی، پھل، آٹا، دالیں، گھی اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں پر بھی دباؤ آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے انہیں سبسڈی اور ٹیکسوں میں ریلیف دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ٹرانسپورٹ کے شعبے کو مناسب سہولت نہ دی گئی تو موجودہ صورتحال میں کاروباری سرگرمیاں مزید متاثر ہوسکتی ہیں۔

دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو ریلیف نہ ملا اور پہلے کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد نہ ہوا تو ملک بھر میں دوبارہ ہڑتال کی طرف بھی جایا جاسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.