کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں سونے کی مبینہ غیر قانونی کان پر دو گروپوں کے درمیان تنازع اس وقت خونریز تصادم میں بدل گیا جب دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک راہگیر سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا واقعہ گمبٹ تھانے کی حدود دربو کچ میں پیش آیا، جہاں سونے کی کان کے معاملے پر مبینہ طور پر دو گروپوں کے درمیان اختلافات کے بعد ایک دوسرے پر فائرنگ کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، جبکہ پولیس نے واقعے میں ملوث افراد اور فائرنگ کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ مقام پر سونے کی کان کنی کے معاملے پر دو گروپوں کے درمیان پہلے سے اختلافات موجود تھے اور ابتدائی طور پر فائرنگ کو اسی تنازع کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ علاقے میں مزید کسی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کیلئے سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کی اصل وجہ اور جاں بحق و زخمی افراد کی شناخت سمیت واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔