کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت ایکشن کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشتگردوں کی ہلاکت ریاستی اداروں کے مضبوط عزم اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مؤثر حکمتِ عملی کا ثبوت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے اہم کامیابی حاصل کی۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور مؤثر کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ دہشتگرد عناصر کے خلاف ایسی کارروائیاں اس عزم کا اظہار ہیں کہ ریاست امن دشمن قوتوں کو بلوچستان میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امن کے قیام کیلئے سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں اور حکومت ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک ریاست کا عزم برقرار رہے گا اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔