انگلینڈ ٹور کے معاملات پر این سی سی آئی اے کی تحقیقات شروع
اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان کو دورۂ انگلینڈ سے متعلق بعض معاملات کی تحقیقات کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز سے دورۂ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے بعض معاملات کے بارے میں پوچھ گچھ کی جائے گی، تاہم این سی سی آئی اے کی تحقیقات کی نوعیت اور دیگر تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی قومی ٹیسٹ اسکواڈ سے متعلق مبینہ نظم و ضبط اور کھلاڑیوں کے رویے کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کا اندرونی جائزہ شروع کر رکھا ہے۔
پی سی بی کے مطابق معاملے کو بورڈ کے طے شدہ قوانین اور طریقہ کار کے مطابق دیکھا جا رہا ہے، جبکہ تحقیقات میں تمام متعلقہ افراد کا مؤقف اور معاملے کے دیگر پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے گا۔
یہ پیش رفت دورۂ انگلینڈ کے دوران قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں کے مبینہ ڈسپلن اور آف دی فیلڈ سرگرمیوں سے متعلق رپورٹس کے بعد سامنے آئی ہے۔
تاہم این سی سی آئی اے کی جانب سے طلبی کی وجوہات اور تحقیقات کے نتائج کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔