تازہ ترین

متحدہ اپوزیشن کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

0

اسلام آباد: پارلیمنٹ میں حکومت کو مؤثر اپوزیشن کا سامنا کرنے کی تیاری شروع ہوگئی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پارلیمانی رہنما مولانا عطاء الرحمن کے درمیان ملاقات میں حکومت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ہونے والی مشاورت میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایوان کے اندر اپوزیشن جماعتیں متفقہ حکمت عملی اپنائیں گی۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مل کر اپوزیشن کا کردار ادا کرنے اور متحدہ اپوزیشن کے باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات ہوئی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن سینیٹ میں زیادہ مؤثر اور مضبوط کردار ادا کرے گی۔

مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں تمام امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا اور پارلیمنٹ کی حد تک ایک دوسرے کی حمایت کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن ایک صفحے پر نظر آئے گی جبکہ آئندہ چند دنوں میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بلا کر آئندہ کی مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ اب تک اپوزیشن حکومت کو وہ دباؤ نہیں دے سکی جس کی ضرورت تھی، تاہم اب کوشش کی جائے گی کہ اہم قومی و سیاسی معاملات پر بھرپور انداز میں آواز اٹھائی جائے اور حکومت کو مؤثر اپوزیشن کا سامنا ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متحدہ اپوزیشن مل کر حکومت کو ایسی آئینی ترمیم سے روکنے میں کامیاب ہوگی جسے وہ غیر قانونی سمجھتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.