تازہ ترین

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر عدالت پہنچ گئے،20 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

0

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کو ہتھکڑیاں لگا کر انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کردیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں کیس کی سماعت جج محمد اکرم نے کی۔ پولیس نے حماد اظہر کو تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کے ساتھ عدالت میں پیش کیا۔

حماد اظہر کو اتوار کے روز ملتان سے حراست میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم پولیس نے فوری طور پر ان کی گرفتاری ظاہر نہیں کی تھی، جس کے بعد ان کی والدہ نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

بعد ازاں لاہور پولیس نے حماد اظہر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اشتہاری قرار دیے گئے تھے اور پولیس کو 18 مقدمات میں مطلوب تھے۔

لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق حماد اظہر گزشتہ تقریباً تین سال سے روپوش تھے اور انہیں مجاز عدالت میں پیش کرکے تفتیش کے لیے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے اتوار کو دعویٰ کیا تھا کہ پولیس نے حماد اظہر کو گرفتار کرلیا ہے اور اس اقدام کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے مذمت کی تھی۔ تاہم ابتدائی طور پر پولیس حکام نے ان کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔

حماد اظہر کے خلاف 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سمیت دیگر معاملات میں متعدد مقدمات درج ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.