پی سی بی کا بڑا ایکشن، امام اور رضوان کے موبائل ڈیٹا کی چھان بین`نیا پنڈورا کھول دیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے حالیہ بحران کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی تحقیقات مزید آگے بڑھ گئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 194 رنز کی شکست کے بعد امام الحق اور محمد رضوان سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں ان کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات میں دونوں کھلاڑیوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ان کے مختلف افراد سے روابط کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اگر تحقیقات کے دوران ٹھوس شواہد سامنے آتے ہیں تو دونوں کرکٹرز کو جرمانے یا دیگر تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مستقبل میں دونوں کھلاڑیوں کی قومی ٹیم میں شمولیت بھی زیرِ غور آ سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد ٹیم کے ہوٹل پہنچنے پر سکیورٹی حکام نے دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فون اپنے قبضے میں لیے تھے۔ بعد ازاں فونز کا ڈیٹا منتقل کیے جانے کے بعد انہیں واپس کر دیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سے جب اس معاملے کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے موبائل ڈیٹا حاصل کیے جانے کی تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کیا۔
یاد رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پی سی بی نے ٹیم اور کوچنگ سیٹ اپ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی تھیں، جبکہ امام الحق اور محمد رضوان سمیت متعدد کھلاڑیوں کو دورۂ انگلینڈ کے تیسرے ٹیسٹ سے قبل وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔