یومِ دفاع ہمیں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، مینا مجید بلوچ
کوئٹہ: یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر بلوچستان کی صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی تاریخ کا ایسا یادگار دن ہے جو وطن کے دفاع، قومی اتحاد اور بے مثال قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1965 میں پاکستانی فوج نے دشمن کی جارحیت کا جس بہادری اور عزم کے ساتھ مقابلہ کیا، وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں مینا مجید بلوچ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو پاک فوج نے نہ صرف مادرِ وطن کا دفاع کیا بلکہ دنیا کو یہ واضح پیغام بھی دیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے لاہور پر قبضے کے مقصد سے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، تاہم افواجِ پاکستان کے بہادر جوانوں نے غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔
صوبائی مشیر کے مطابق پاک وطن کے جوانوں کی لازوال قربانیوں نے ثابت کیا کہ قومیں صرف ہتھیاروں کی طاقت سے نہیں بلکہ ایمان، حوصلے اور عزم کے ذریعے جنگیں جیتتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی بہادری اور قربانیوں کی داستانیں ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر حصہ ہیں۔
مینا مجید بلوچ نے وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعِ وطن کے لیے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری آن، بان اور شان ہیں، جبکہ پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع کے موقع پر ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پوری قوم اس دن پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور اپنے بہادر جوانوں کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتی ہے۔
صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان نے مزید کہا کہ 6 ستمبر کا یادگار دن ہمیں شہداء اور غازیوں کے جذبۂ ایثار، حب الوطنی اور دفاعِ وطن کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور نئی نسل تک شہداء کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کا پیغام پہنچایا جائے گا۔