تازہ ترین

شہداء کی قربانیاں قومی یکجہتی اور مضبوط پاکستان کا درس دیتی ہیں، جعفر مندوخیل

0

کوئٹہ: یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستانی قوم کے غیرمتزلزل عزم، اتحاد اور وطن کے دفاع کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنے والا اہم دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1965 میں مسلح افواج نے جس شجاعت اور عزم کے ساتھ دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کیا، وہ ملکی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہے۔

اپنے پیغام میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ 6 ستمبر اس حقیقت کی علامت ہے کہ قومی اتحاد، ایمان، عزم اور حب الوطنی کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بڑی قوت ہیں۔ یومِ دفاع صرف ماضی کی جنگ کو یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ قومی اتحاد، ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کی تجدید کا بھی موقع ہے۔

شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ آج پوری قوم مسلح افواج، شہداء، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں قومی دفاع کا دائرہ صرف سرحدوں کے تحفظ تک محدود نہیں، بلکہ قومی یکجہتی، معاشی استحکام، تعلیم، ترقی، امن اور مضبوط ادارے بھی ملکی سلامتی کے اہم ستون ہیں۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کی سربلندی اور قومی وقار کا تحفظ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں شہداء کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک مضبوط، پرامن، ترقی یافتہ اور متحد پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

دریں اثنا یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر کوئٹہ میں مرکزی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

تقریب کے موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی، جبکہ گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر بلوچستان اور دیگر سول و عسکری حکام نے یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا۔

تقریب میں قومی عزم اور حب الوطنی کا اظہار کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید بھی کی گئی کہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور شہداء کی عظیم جدوجہد و قربانیوں کا پیغام نئی نسل تک منتقل کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.