تازہ ترین

6ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش دن ہے: سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی تاریخ کا ایک ایسا اہم دن ہے جو ہمیں پاک سرزمین کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن مسلح افواج اور قوم کے ان بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے غیر معمولی بہادری، عزم اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ قوم آج بھی شہداء اور غازیوں کو عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دفاعی تاریخ قربانی، شجاعت اور قومی یکجہتی کی روشن مثالوں سے عبارت ہے۔ ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کے محسن ہیں، جبکہ قوم ان کے خاندانوں کو بھی قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دفاعِ وطن کا تقاضا صرف سرحدوں کی حفاظت تک محدود نہیں بلکہ قومی اتحاد، معاشی استحکام، تعلیم، ترقی اور امن کے فروغ سے بھی جڑا ہوا ہے۔ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان ہی ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے بھی ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ صوبے کے شہداء نے ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم آج بھی شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تاریخ رقم کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.