تازہ ترین

دہشت گردی کے خلاف پولیس کو مطلوب وسائل فراہم کریں گے، گورنر کے پی

0

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 13 سال کے مسائل صرف 11 دن میں حل نہیں کیے جا سکتے، جبکہ صوبے کی بہتری کے لیے 100 روزہ منصوبے سمیت مختلف اقدامات ترتیب دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان جلد پشاور کا دورہ کریں گے۔

گورنر ہاؤس پشاور میں پاکستان سویٹ ہوم کے طلبہ کے ساتھ ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پولیس کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔ ان کے مطابق جس ادارے کو بھی معاونت درکار ہوگی، اسے فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

افغانستان کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ افغانستان کی خاموشی حیران کن ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو وسائل اور تعاون فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ صوبے میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی رابطے جاری ہیں۔ ان کے مطابق وہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان اور جماعت اسلامی کے نمائندوں سے ملاقاتوں کے لیے خود گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہو چکا ہے، جبکہ وفاقی کمیٹی کا اجلاس بھی جلد منعقد کیا جائے گا۔

معدنی وسائل سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں معدنیات پر قبضے کے حوالے سے غلط خبریں پھیلا رہی ہیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اپنے مشترکہ علاقے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں معدنیات کے بارے میں غلط تاثر دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بچوں کو معیاری تعلیم اور روشن مستقبل فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کے بچوں کی سرپرستی اور فلاح و بہبود ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.