تازہ ترین

ایرانی حکومت کی تبدیلی ہی خطرے کے خاتمے کا راستہ ہے، نیتن یاہو

0

اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایران کے خلاف اپنے سخت مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے لاحق خطرے کو ختم کرنے کا واحد راستہ وہاں کی حکومت کا تختہ الٹنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مقصد کے لیے اسرائیلی فوج، خفیہ ایجنسی موساد اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

جنوبی اسرائیل کے شہر دیمونا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے الزام لگایا کہ ایران اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتا تھا، تاہم اسرائیل نے اپنی پوری طاقت کے ساتھ اسے روک دیا۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران جوہری بم بنانے کی کوشش کر رہا تھا، جسے روک دیا گیا، لیکن تہران اب بھی یہ کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔

اسرائیلی وزیرِاعظم نے کہا کہ موجودہ صورت حال کے خاتمے کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ ایرانی حکومت کی تبدیلی ہے۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس مقصد کے لیے جاری کیے گئے احکامات پر کب اور کس طریقے سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

ایران طویل عرصے سے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوششوں کے الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔ نیتن یاہو کا تازہ بیان ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.