تازہ ترین

بلاول کی سہیل آفریدی کو لاڑکانہ آمد پر خوش آمدید، وزیراعلیٰ کا اظہارِ تشکر

0

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ سندھ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی اختلافات کے باوجود برداشت، احترام اور بقائے باہمی کی سیاست کو فروغ دینا ضروری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو لاڑکانہ آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کے دورہ سندھ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بالآخر برداشت، باہمی احترام اور بقائے باہمی کی سیاست کی طرف واپس آنا ہوگا، کیونکہ سیاسی اختلافات جمہوری نظام کا حصہ ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سیاسی اختلاف کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنے کے بجائے ایک دوسرے کے مؤقف کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق جمہوریت میں مختلف سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کے درمیان اختلافِ رائے کے باوجود سیاسی اور جمہوری اقدار کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بلاول بھٹو زرداری کے خیرمقدمی پیغام پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا حسن یہی ہے کہ سیاست اور اظہارِ رائے کی آزادی موجود ہو۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم جمہوری معاشرے میں سیاسی رہنماؤں کو ایک دوسرے کے مؤقف کے احترام اور آزادانہ اظہارِ رائے کا حق تسلیم کرنا چاہیے۔ دونوں رہنماؤں کے بیانات کو ملک میں جاری سیاسی اختلافات کے ماحول میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.