راولپنڈی: یومِ دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی قیادت نے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور جنرل عامر رضا سمیت مسلح افواج نے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلخانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مسلح افواج کی قیادت نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، عزم اور جرات کی لازوال علامت ہے۔ 1965 کی جنگ میں پاکستانی قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہوئی، جبکہ میدانِ جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ شہدائے پاکستان فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کی علامت ہیں۔ ان کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ شہداء کے خاندان استقامت اور حوصلے کی پائیدار مثال ہیں۔
مسلح افواج کی قیادت نے پاکستان کے غازیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو بہادری اور ثابت قدمی کے ساتھ ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور پرامن بقائے باہمی کے لیے پرعزم ہے، تاہم پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے پاکستان اور پاکستانی عوام سے اپنی غیر متزلزل وفاداری اور خدمت کے عہد کی تجدید بھی کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہداء کے خاندانوں کی استقامت قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گے۔