تازہ ترین

عمران خان کو مناسب طبی سہولتیں دی جائیں، برائن لارا کا مطالبہ

0

لندن/واشنگٹن: ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم کپتان برائن لارا نے سابق پاکستانی وزیراعظم اور کرکٹ لیجنڈ عمران خان کی صحت اور طبی سہولیات سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مناسب اور آزادانہ طبی نگہداشت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لارا نے واضح کیا کہ ان کی اپیل سیاسی نہیں بلکہ انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت ہے۔ 

برائن لارا نے اپنے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ وہ عمران خان سے کرکٹ کے میدان میں صرف چند مرتبہ آمنے سامنے آئے، تاہم ان کے لیے عمران خان کا احترام ابتدا ہی سے بہت زیادہ اور مستقل رہا ہے۔

لارا نے کہا کہ انہیں یہ سمجھنے میں دشواری ہو رہی ہے کہ جو شخص اپنے شاندار کرکٹ کیریئر کے دوران پاکستان کے لیے امید، فخر اور حوصلے کی علامت تھا، وہ آج ایسی صورتحال سے دوچار ہے جہاں، ان کے مطابق، اسے وہ توجہ، ہمدردی اور عزت نہیں مل رہی جس کا وہ مستحق ہے۔

سابق ویسٹ انڈین کپتان نے کہا کہ وہ اپنے سابق ساتھی کپتانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عمران خان کو مناسب اور آزادانہ طبی معائنہ و علاج فراہم کیا جائے اور ہر انسان کے بنیادی وقار کا خیال رکھا جائے۔ 

برائن لارا کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بین الاقوامی کرکٹ سے وابستہ سابق کپتان بھی عمران خان کی صحت اور جیل میں انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔ اگست میں 21 سابق بین الاقوامی کپتانوں نے بھی عمران خان کے لیے مناسب طبی نگہداشت اور آزادانہ طبی معائنے کا مطالبہ کیا تھا۔ 

عمران خان نے 1992 میں پاکستان کو اس کا پہلا اور واحد کرکٹ ورلڈ کپ جتوایا تھا، جس کے بعد انہوں نے سیاست میں قدم رکھا اور 2018 سے 2022 تک پاکستان کے وزیراعظم رہے۔

لارا نے اپنے پیغام کے اختتام پر واضح کیا کہ عمران خان کے معاملے پر ان کی اپیل کو سیاسی تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے، بلکہ یہ ایک انسانی معاملہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.