صحت کے شعبے میں کرپشن نے نظام کو نقصان پہنچایا: خواجہ آصف
سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے صحت کے شعبے میں مبینہ کرپشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جتنی لوٹ مار صحت کے شعبے میں ہے، وہ کہیں اور نہیں۔
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ فیکٹری ورکرز کے لیے سوشل سیکیورٹی اسپتال میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق سیالکوٹ کی صنعت سے لاکھوں ورکرز وابستہ ہیں اور انہیں معیاری طبی سہولیات ملنا ضروری ہے۔
انہوں نے پمز میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ وہاں ہوا وہ کرپشن کی وجہ سے ہوا۔ ان کے مطابق پمز میں بڑا سانحہ پیش آیا، جس کا وزیراعظم نے بھی نوٹس لیا۔
وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ پمز میں مختلف ادارے اور متعلقہ شعبے ایک دوسرے کے ساتھ ملے ہوئے تھے، جبکہ ہیلتھ ریگولیٹری بھی اس معاملے میں شامل تھی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں ایسے بڑے اسپتال بھی موجود ہیں جو رجسٹرڈ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ کے اسپتالوں میں جلد کینسر کے علاج اور برن یونٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔