تازہ ترین

پاکستانی کھجور کی برآمدات میں اضافہ، عالمی منڈی میں مانگ بڑھ گئی

0

اسلام آباد: پاکستانی کھجور کی مختلف اقسام اور معیار کے باعث عالمی منڈی میں اس کی طلب بڑھنے لگی ہے، جس کے نتیجے میں کھجور کی برآمدات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق زرعی شعبے کو عالمی منڈی سے جوڑنے اور برآمدی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے ایس آئی ایف سی کے تعاون سے مختلف اقدامات جاری ہیں، جن کا مقصد پاکستانی زرعی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا اور برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

پاکستان میں کھجور کی کئی منفرد اقسام پیدا ہوتی ہیں، جن میں عسیل، ڈھکی، بیگم جنگی، کُپرو اور مزواتی نمایاں ہیں۔ سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کھجور کی کاشت کی جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستانی کھجور کی مختلف اقسام اور معیار عالمی خریداروں کیلئے کشش کا باعث ہیں۔ اس کے ساتھ جدید پیکیجنگ، بہتر برانڈنگ اور مؤثر برآمدی نظام پاکستانی کھجور کو عالمی مارکیٹ میں مزید مسابقتی بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ایس آئی ایف سی کی جانب سے کاروباری ماحول بہتر بنانے اور برآمدی شعبے میں سہولت کاری بڑھانے کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

حکام کے مطابق زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ نہ صرف ملکی معیشت کیلئے زرمبادلہ حاصل کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے بلکہ دیہی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کو بھی فروغ دے سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کھجور کی پیداوار کے معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ جدید پیکیجنگ، برانڈنگ اور عالمی معیار کے مطابق برآمدی نظام کو مزید بہتر بنایا جائے تو مستقبل میں پاکستانی کھجور کی عالمی مارکیٹ میں طلب میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.