تازہ ترین

پاکستان بھارت کرکٹ سیریز، آئی سی سی کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

0

اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ روابط کو نئے انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ملٹی نیشنل مقابلوں کے انعقاد کی تجویز پر کام جاری ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کو دو طرفہ سیریز کے بجائے ٹرائی سیریز یا چار ملکی ٹورنامنٹ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کافی عرصے سے بھارت کے سامنے یہ تجویز رکھتا آیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بجائے سہ فریقی یا چار ملکی ٹورنامنٹ کرائے جائیں۔

مجوزہ فارمولے کے تحت پاکستان اور بھارت کے ساتھ ایک یا دو دیگر ممالک کو شامل کرکے مالی طور پر منافع بخش سیریز منعقد کی جاسکتی ہے۔

اس معاملے پر آئندہ باضابطہ بحث کے لیے آئی سی سی کا فیوچر پروگرام سے متعلق اہم سیمینار رواں ماہ 22 اور 23 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔

سیمینار میں ٹیسٹ کھیلنے والے 12 فل ممبرز سمیت 8 ایسوسی ایٹ ممبرز بھی شرکت کریں گے، جہاں کرکٹ کے مستقبل کے شیڈول اور مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بھی کرکٹ سیریز یا میچ کے لیے دونوں ممالک کی حکومتوں کی باضابطہ کلیئرنس ضروری ہوتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کو دو طرفہ سیریز کے مقابلے میں ملٹی نیشنل ٹورنامنٹس یا نیوٹرل مقام پر ہونے والے مقابلوں پر عموماً اعتراض نہیں ہوتا۔

اسی تناظر میں متحدہ عرب امارات، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو پاک بھارت ملٹی نیشنل مقابلوں کے لیے ممکنہ مقامات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.