تازہ ترین

روس یوکرین جنگ، ٹرمپ کے ایلچی امن مذاکرات کے لیے ماسکو پہنچ گئے

0

ماسکو: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ ختم کرانے کی تازہ سفارتی کوشش کے تحت امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر ماسکو پہنچ گئے۔

دونوں امریکی نمائندے روسی حکام سے مذاکرات کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ امریکی کوشش کا مقصد چار سال سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکراتی عمل میں موجود تعطل کو ختم کرنا ہے۔

یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے الزام عائد کیا کہ روس نے امریکی ایلچیوں کے دورے سے قبل کیف کے دو ہوائی اڈوں سمیت مختلف مقامات کو نشانہ بنا کر سفارتی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔

زیلنسکی نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر روسی حملے امریکی وفد کے یوکرین پہنچنے کے لیے ممکنہ فضائی سفر کی تیاریوں کا ردعمل معلوم ہوتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یوکرین کی جانب سے سفارت کاری کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق وٹکوف اور کُشنر اتوار کو کیف پہنچ سکتے ہیں، جبکہ ماسکو میں ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں مذاکرات کار یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ روس اور یوکرین کے درمیان امن کی جانب پیش رفت ممکن ہے یا نہیں۔ ان کے مطابق امریکی نمائندے جنگ کے خاتمے کے لیے ایک تجویز بھی ساتھ لے کر گئے ہیں۔

ٹرمپ نے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ مجوزہ منصوبے میں یوکرین کی جانب سے کسی علاقے سے دستبرداری شامل ہے یا نہیں۔

دوسری جانب روس اور یوکرین کے درمیان طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور ڈرونز کے حملوں میں شدت آئی ہے، جس کے باعث شہری ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

زیلنسکی نے امریکی ایلچیوں کے دورے کے دوران عارضی جنگ بندی کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی جانب سے فضائی حملے روکنے کے لیے تیار ہے اور روس کو بھی مذاکرات کے دوران ایسا ہی کرنا چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.