تازہ ترین

عروہ حسین کی شاندار اداکاری، ’آپ کی عزت‘ کا سین سوشل میڈیا پر وائرل

0

پاکستانی ڈراما سیریل ’آپ کی عزت‘ کے ایک حالیہ منظر نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرلی، جہاں اداکارہ عروہ حسین اور احسن خان کے درمیان ہونے والے شدید مکالمے نے ناظرین کو متاثر کیا۔

ڈرامے میں عروہ حسین نے بیینا جبکہ احسن خان نے تابش کا کردار ادا کیا ہے۔ وائرل ہونے والے منظر میں بیینا کی جانب سے مذہب کے غلط استعمال پر اٹھائے گئے سوالات نے تابش کو لاجواب کر دیا، جبکہ عروہ حسین کی جذباتی اور بھرپور اداکاری کو بھی ناظرین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

’آپ کی عزت‘ کی کہانی محبت، اعتماد، دھوکے اور خودداری جیسے موضوعات کے گرد گھومتی ہے۔ کہانی کے مطابق بیینا اور تابش کی شادی کو 14 برس گزر چکے ہیں۔ تابش ایک وقت میں بیینا سے بے حد محبت کرتا تھا، تاہم دولت اور رتبہ ملنے کے بعد اس کے رویے میں تبدیلی آتی ہے اور وہ جذباتی طور پر اپنی اہلیہ سے دور ہونے لگتا ہے۔

بعد ازاں تابش کی زندگی میں ایک دوسری خاتون کی دلچسپی بھی کہانی کو مزید پیچیدہ بنا دیتی ہے، جس کے نتیجے میں بیینا کو اپنے رشتے، اعتماد اور خودداری کے حوالے سے کئی مشکل سوالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

وائرل منظر میں بیینا کا کردار ادا کرنے والی عروہ حسین نے نہایت پُراعتماد انداز میں تابش کے سامنے اپنے سوالات رکھے، جسے ناظرین نے ڈرامے کے اہم اور اثر انگیز مناظر میں شمار کیا ہے۔

ڈرامے کی کہانی معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ ہدایت کاری سیف حسن نے کی ہے۔ ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں ثانیہ سعید سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.