تازہ ترین

لانگ مارچ کی تیاری، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 5 روزہ دورے پر سندھ پہنچ گئے

0

کراچی: 27 ستمبر کی مجوزہ اسٹریٹ موومنٹ اور لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی 5 روزہ دورے پر سندھ روانہ ہوگئے، جہاں وہ سیاسی و مقامی قیادت سے ملاقاتوں کے ساتھ کارکنوں اور عوام سے رابطے کریں گے۔ وزیراعلیٰ کا 3 سے 7 ستمبر تک سندھ میں قیام اسٹریٹ موومنٹ کیلئے سیاسی سرگرمیوں اور صف بندی کو تیز کرنے کے حوالے سے اہم مرحلہ قرار دیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی دورہ سندھ کے دوران مختلف علاقوں میں سیاسی و عوامی رابطہ مہم چلائیں گے اور لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں اور مقامی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اسٹریٹ موومنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے ساتھ کارکنوں کو متحرک کرنے اور عوامی رابطہ مہم کو مزید منظم کرنے کیلئے مختلف اجتماعات میں بھی شرکت کریں گے۔

دریں اثنا وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ سے متعلق بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت اسٹریٹ موومنٹ کیلئے سندھ پہنچ رہی ہے۔

شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ضلع گھوٹکی کے کامو شہید سے اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز کریں گے، جہاں وہ کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی قیادت ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ بھی پہنچے گی، جہاں کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات کے مطابق پارٹی قیادت کی جانب سے جیکب آباد میں بھی عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی، جس کے دوران کارکنوں اور مقامی لوگوں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔

شفیع جان نے کہا کہ سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ عوامی جدوجہد کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ ہونے والا سیاسی انتقام عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت سندھ میں کارکنوں کو متحرک کرنے اور عوامی حمایت حاصل کرنے کیلئے بھرپور رابطہ مہم جاری رکھے گی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے سندھ کے 5 روزہ دورے کے دوران مختلف اضلاع میں سیاسی سرگرمیوں، کارکنوں سے ملاقاتوں اور عوامی اجتماعات کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ 27 ستمبر کی اسٹریٹ موومنٹ کیلئے تنظیمی اور سیاسی تیاریوں کو بھی مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.