تازہ ترین

وزیراعظم نے ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی تجارت کو مزید سہل اور مؤثر بنانے کیلئے ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم خود اس بورڈ کی صدارت کریں گے، جو تجارت کی مکمل ترسیلی زنجیر میں بہتری اور سرحد پار تجارت سے متعلق غیر محصولاتی معاملات پر فیصلے کرے گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت تجارت میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں تجارتی نظام کو بہتر بنانے، بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے اور درآمد و برآمد کے عمل کو مزید آسان بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

مجوزہ ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ تجارت کے فروغ کیلئے لائحہ عمل، تجارتی سہولت کاری اشاریے اور نگرانی سے متعلق حکمت عملی بھی مرتب کرے گا۔

وزیراعظم نے ملک کی بندرگاہوں کی استعداد کار بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے اور اس مقصد کیلئے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ورکنگ گروپس بندرگاہوں کی استعداد بہتر بنانے، متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ و ہم آہنگی بڑھانے، ضابطہ جاتی نظام پر عمل درآمد، جہاز کی آمد سے قبل کلیئرنس اور بین الاقوامی تجارت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی شمولیت جیسے امور پر کام کریں گے۔

وزیراعظم نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کیلئے بندرگاہوں پر مال کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر متعلقہ امور کو آسان بنانے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے تحت بندرگاہوں کے اخراجات میں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد بندرگاہوں کے استعمال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ جہازوں کی آمد سے قبل سامان سے متعلق اعلانیہ جمع کرانے کی سہولت کے استعمال میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

وزیراعظم نے تجارتی سرگرمیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطے اور فیصلہ سازی کے عمل کو آسان بنانے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.