پاکستان اور کرغزستان میں صحت، تعلیم اور تجارت سمیت اہم معاہدے
بشکک: پاکستان اور کرغزستان نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے، جن میں صحت، تعلیم، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیات اور دیگر شعبے شامل ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور جمہوریہ کرغزستان کے صدر نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں لاہور اور کرغز شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کی وزارتوں کے درمیان خارجہ امور میں تعاون کے پروگرام سے متعلق دستاویز کا تبادلہ بھی ہوا۔
انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغز انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشیٹیوز کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ تجارت کے حوالے سے معاہدہ ہوا، جبکہ منشیات اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
دونوں ممالک کی وزارتِ تعلیم کے درمیان تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جبکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور کرغز وزارتِ صحت کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کا معاہدہ بھی ہوا۔ ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں دونوں ملکوں کے وفاق ہائے ایوانِ صنعت و تجارت کے درمیان دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے تعاون کا معاہدہ بھی کیا گیا، جبکہ ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔