تازہ ترین

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی،عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا ہوگیا

0

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور امریکا و ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی محاذ آرائی کے اثرات عالمی منڈی تک پہنچ گئے، جہاں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور سپلائی متاثر ہونے کے خدشات نے سرمایہ کاروں کی تشویش بڑھا دی۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 80 سینٹ یا 0.89 فیصد اضافے کے بعد 91.10 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ اماراتی مربن خام تیل کی قیمت 106 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی۔

اس سے ایک روز قبل بھی دونوں بڑے عالمی بینچ مارکس کی قیمتوں میں 4 ڈالر سے زائد کا نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ برینٹ کے لیے یہ 24 جولائی کے بعد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کے لیے 23 جولائی کے بعد سب سے بڑا یومیہ اضافہ قرار دیا گیا۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تیل کی عالمی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کو قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق امریکا نے رات گئے ایران میں متعدد اہداف کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا، جس کے بعد ایران کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں اور خطے میں موجود امریکی فوجیوں کے خلاف مبینہ حملوں کی کوششوں کے بعد کی گئیں۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں صورتحال مزید خراب ہونے کی صورت میں عالمی سطح پر تیل کی ترسیل متاثر ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.