کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے: ڈپٹی کمشنر گوادر
گوادر: ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک عمر کا کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہنے کی ہدایت کردی، جبکہ مہم کے دوران 35 ہزار 664 بچوں کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے یہ ہدایات قومی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں 21 سے 24 ستمبر 2026 تک جاری رہنے والی مہم کے انتظامات، مائیکرو پلاننگ، ٹیموں کی تشکیل، لاجسٹکس اور بچوں کی کوریج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ضلعی آفیسر صحت ڈاکٹر یاسر، ایم ایس میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، ضلعی منیجر پی پی ایچ آئی ڈاکٹر منیر احمد بلوچ، ڈپٹی ضلعی آفیسر صحت ڈاکٹر فاروق اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع گوادر میں پانچ سال تک عمر کے 35 ہزار 664 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مہم کے دوران بچوں تک رسائی یقینی بنانے کے لیے 166 موبائل ٹیمیں، 20 سپروائزرز، 38 ایریا انچارجز، 29 فکسڈ سینٹرز اور 12 ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے مہم کی مؤثر تیاری کے لیے مائیکرو پلاننگ، ٹیموں کی تربیت، ویکسین اور ضروری سامان کی بروقت فراہمی جبکہ کمیونٹی موبلائزیشن پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطہ کاری، مؤثر نگرانی اور بروقت اقدامات کے ذریعے مہم کو کامیاب بنائیں اور اس دوران کوئی بھی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔
ڈپٹی کمشنر نے والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہم کے دوران یونین کونسل، تحصیل اور ضلعی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ کسی بھی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کی فوری کوریج پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔