تازہ ترین

خواتین کیلئے حکومتی پروگرامز کے ثمرات دور دراز علاقوں تک پہنچائے جائیں: ربابہ بلیدی

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری شیر شاہ غلزئی نے ملاقات کی، جس میں خواتین کی فلاح و بہبود، جاری منصوبوں اور انہیں معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران سیکرٹری شیر شاہ غلزئی نے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو محکمہ کی کارکردگی، جاری منصوبوں، مختلف پروگرامز اور مجموعی محکمہ جاتی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

سیکرٹری نے خواتین کی فلاح و بہبود، ترقی، تحفظ اور انہیں معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانے کے لیے محکمہ کی جانب سے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے خواتین کی ترقی اور انہیں معاشرے میں مؤثر اور باوقار مقام فراہم کرنے کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

مشیر وزیراعلیٰ نے محکمہ کے امور میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور بہتر سروس ڈیلیوری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین سے متعلق حکومتی پروگرامز کے ثمرات صوبے کے دور دراز علاقوں تک پہنچائے جائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.