تازہ ترین

سعودی گروپ کی پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

0

اسلام آباد- سعودی گروپ اسیاد نے پاکستانی ایئرپورٹس کی نجکاری کے عمل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کر دی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اسیاد گروپ کے سی ای او نے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان پر اعتماد کا اعادہ اور ملک میں سرمایہ کاری مزید وسعت دینے کا عزم کیا۔

اسیاد گروپ نے پاکستان میں نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے، ایئرپورٹس کی نجکاری کے عمل میں شرکت، مالیاتی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔

اس نے ممکنہ منصوبوں کیلیے سعودی اور پاکستانی سرمایہ کاروں کو یکجا کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاروں کی مسلسل دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ قابل اعتماد اور طویل مدتی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب راغب کرنا حکومت کی ترجیح ہے، نجکاری پروگرام سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، کثیر الجہتی اقتصادی روابط، سرمایہ کاری، تجارت اور نجی شعبے کے تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پاکستان میں معاشی استحکام کی جانب پیشرفت اور اہم معاشی اشاریوں اور خودمختار کریڈٹ پروفائل میں بہتری کو بھی اجاگر کیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ساختی اصلاحات اور نجی شعبے کی شمولیت سے پائیدار اور سرمایہ کاری پر مبنی معاشی نمو حکومت کی ترجیح ہے، پاکستان کا تزویراتی محل وقوع علاقائی منڈیوں تک رسائی کیلیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔

اسیاد گروپ نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.