تازہ ترین

تیل کی عالمی منڈی میں خطرے کی گھنٹی، ایران کا ہرمز پر بڑا اعلان

0

ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں ایک بار پھر شدت آگئی، ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے اقتصادی دباؤ اور پابندیوں کا سلسلہ جاری رہا تو آبنائے ہرمز سے تیل کا ایک قطرہ بھی گزرنے نہیں دیا جائے گا۔

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر عائد کی جانے والی پابندیاں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں اور مستقبل میں بھی یہ اقدامات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آبنائے ہرمز سے تیل کی برآمد سے متعلق امریکی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ’’نفسیاتی جنگ‘‘ کا حصہ قرار دیا ہے۔

ایرانی حکام کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور تیل کی ترسیل کے معاملے پر خطے میں شدید کشیدگی جاری ہے۔ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سمیت دیگر بحری گزرگاہوں کے حوالے سے بات چیت بھی آج متوقع ہے۔

ایران نے بلغاریہ کو بھی خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے امریکی طیاروں کو ری فیولنگ کی سہولت فراہم کی تو اسے حملوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔

آبنائے ہرمز خلیج فارس سے عالمی منڈیوں تک تیل کی ترسیل کا انتہائی اہم بحری راستہ ہے۔ ایران کی جانب سے اسے تیل کی ترسیل کے لیے بند کرنے کی دھمکی سے عالمی توانائی مارکیٹ اور تیل کی قیمتوں پر ممکنہ اثرات کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.