تازہ ترین

دیامر میں گلیشیئر پھٹنے سے تباہی، مصنوعی جھیل بن گئی، فصلیں زیرِ آب

0

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں گلیشیئر پھٹنے کے واقعے نے مقامی آبادی اور کاشتکاروں کے لیے صورتحال تشویشناک بنا دی ہے۔ نیاٹ ویلی اور کرلیو گاہ کے علاقوں میں گلیشیئرز کے پھٹنے کے نتیجے میں پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہوئی، جس کے باعث مصنوعی جھیل بن گئی جبکہ وسیع زرعی رقبہ اور کھڑی فصلیں زیرِ آب آگئیں۔

مقامی اطلاعات کے مطابق کرلیو گاہ میں گلیشیئر پھٹنے سے کنکوئی کے قریب زمین ندی نالوں کے تیز بہاؤ کی زد میں آگئی اور کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ پانی کا بہاؤ رکنے اور ذخیرہ بڑھنے کے نتیجے میں بننے والی مصنوعی جھیل نے مقامی کاشتکاروں کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کرلیو گاہ کے گلیشیئر میں بڑے پیمانے پر دراڑیں پڑچکی ہیں، جس کے باعث مزید گلیشیئر پھٹنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔ گلیشیئر میں بڑھتی ہوئی دراڑوں کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد مقامی آبادی میں خوف اور تشویش کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر گلیشیئر مزید ٹوٹا یا پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہوا تو اس کے اثرات نشیبی علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ مصنوعی جھیل میں پانی کی سطح بڑھنے کی صورت میں قریبی آبادیوں، زرعی زمینوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

نیاٹ ویلی کے رہائشیوں نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر حکومت، ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ خطرے کو کم کرنے کے لیے پانی کے اخراج کا محفوظ راستہ بنایا جائے اور ممکنہ گلیشیئر پھٹنے کی صورت میں آبادی کو بروقت خبردار کرنے کا انتظام کیا جائے۔

متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کے مطابق موجودہ صورتحال میں فوری نگرانی اور حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو مزید زرعی رقبہ متاثر ہوسکتا ہے اور نشیبی علاقوں میں موجود آبادیوں کو بڑے جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

علاقے میں گلیشیئر کی مسلسل نگرانی اور مصنوعی جھیل کی صورتحال پر نظر رکھنا اس وقت مقامی انتظامیہ کے لیے اہم چیلنج بن گیا ہے، جبکہ متاثرین حکام سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی توقع کررہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.