تازہ ترین

پاکستانی پاسپورٹ میں جدید سکیورٹی فیچرز متعارف کرانے پر غور

0

اسلام آباد: پاکستانی پاسپورٹ کو عالمی سطح کے جدید سکیورٹی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں، پاسپورٹ کو جعل سازی، ردوبدل اور غیر قانونی استعمال سے محفوظ بنانے کے لیے جدید ترین سکیورٹی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی پاسپورٹ سکیورٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے ایک نمائندے نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس حمد علی رندھاوا سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران بین الاقوامی نمائندے نے پاسپورٹ سکیورٹی اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق اپنی مصنوعات اور جدید سکیورٹی سلوشنز پیش کیے۔

اجلاس میں پاکستانی پاسپورٹ میں جدید ترین سکیورٹی فیچرز شامل کرنے کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ اسے جعل سازی اور غیر قانونی ردوبدل سے مزید محفوظ بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی غور کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی قبولیت، سکیورٹی اور فوری تصدیق کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بین الاقوامی کمپنی کے نمائندے نے جدید پاسپورٹ سکیورٹی ٹیکنالوجیز کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر دنیا کے محفوظ ترین پاسپورٹس رکھنے والے ممالک کے سکیورٹی ماڈلز اور عالمی سطح پر اختیار کیے جانے والے بہترین طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے سینئر افسران، تکنیکی ٹیموں اور فرانزک ماہرین نے شرکت کی۔ شرکاء نے جدید سکیورٹی سلوشنز کی تکنیکی افادیت، عملی ضرورت اور ممکنہ نفاذ سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.