تازہ ترین

کوہلو میں کوئلہ کانوں کے 11 مزدور اغوا کے بعد قتل، لاشیں برآمد، مغویوں کی تلاش جاری

0

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کے بعد قتل کیے جانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں اب تک 11 مزدوروں کی لاشیں برآمد ہوچکی ہیں، جبکہ دیگر مغویوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

واقعہ کوہلو کی تحصیل جندران کے علاقے ہوسڑی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے دو پک اپ گاڑیوں کو روک کر ان میں سوار مزدوروں کو اغوا کیا اور قریبی پہاڑی علاقے میں لے جا کر فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد مجموعی طور پر 16 مزدوروں کو اغوا کرکے لے گئے تھے، تاہم اغوا کیے گئے افراد کی حتمی تعداد اور دیگر تفصیلات کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔

ایس پی کوہلو طیب اقبال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 11 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور اغوا کیے گئے مزدوروں کی تعداد کی تصدیق کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق تمام مقتولین چمالنگ کول مائنز میں کام کرتے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے تین کا تعلق دکی، ایک کا سنجاوی جبکہ سات کا افغانستان سے تھا۔

دکی سے تعلق رکھنے والے مقتولین کی شناخت محمد خالد، گل محمد اور نیاز محمد کے نام سے ہوئی، جبکہ سنجاوی کے مقتول کی شناخت محمد حسن کے طور پر کی گئی ہے۔

افغانستان سے تعلق رکھنے والے جاں بحق مزدوروں میں عصمت اللہ، فیروز خان، جار اللہ، عبد الناصر، عبد الکبیر، عبد الرحمان اور خان شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد پولیس، سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ملزمان کی تلاش اور مبینہ طور پر اغوا کیے گئے دیگر مزدوروں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ مزدور چمالنگ کی کوئلے کی کانوں میں کام کرتے تھے اور چھٹی پر دو پک اپ گاڑیوں کے ذریعے دکی جا رہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے انہیں روک لیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.