وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی آئینی مدت مکمل ہونے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں بطور اتحادی اپنا کردار جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران ریفرنڈم کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی اور ملاقات کا ماحول بھی کشیدہ یا تلخ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں بلاول بھٹو نے میثاق جمہوریت کا ذکر کیا، جس پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تجویز دی کہ میثاق جمہوریت کے ساتھ میثاق معیشت بھی ہونا چاہیے۔
ریفرنڈم سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کا مقصد عوام سے براہ راست رائے لینا ہے، تاہم حکومت نے تاحال اس کے انعقاد کے لیے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریفرنڈم صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں موجود طریقہ کار کا متبادل نہیں بن سکتا۔
مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت اپنے اوپر ہونے والی تنقید خندہ پیشانی سے سنے گی، تاہم ریاست اور اداروں کے خلاف بیانات نہیں دیے جانے چاہییں تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ریاست مخالف بیانات سامنے نہ آتے تو بہتر ہوتا، جبکہ شہدا کے حوالے سے دیا گیا ان کا بیان بھی تکلیف دہ تھا۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ ان کی معلومات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے گھر سے نکالی گئی خواتین کو ان کے داماد کی رہائش گاہ پر منتقل کیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے خواتین کو صرف آدھے گھنٹے میں گھر خالی کرنے کا حکم دینے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں اس سے بہتر طریقہ اختیار کیا جاسکتا تھا۔
جی سکس فور میں گھر سیل کیے جانے کے معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے قواعد کے تحت کسی ایسے شخص کو گھر الاٹ نہیں کیا جاسکتا جو پاکستانی شہری نہ ہو۔
ان کے مطابق اسی بنیاد پر گھر کے حوالے سے نوٹس جاری کیا گیا اور مکینوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے طلب کیا گیا، تاہم ان کی عدم پیشی پر سی ڈی اے نے گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کرکے اسے سیل کردیا۔