وفاقی محکموں میں روزگار کے مواقع، حب ریجن کے امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ جاری
حب ریجن میں وفاقی محکموں کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، جہاں ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں امیدواروں کی اسناد کی جانچ پڑتال اور انتخاب کے مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خصوصی ہدایات پر جاری انٹرویوز ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی زیر نگرانی لیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے امیدواروں اور انٹرویو پینلز کے لیے ضروری انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔
مقررہ شیڈول کے مطابق دوسرے روز ضلع حب اور وڈھ سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز لیے جا رہے ہیں۔ تمام انٹرویو پینلز فعال ہیں اور کارروائی منظم انداز میں بلا تعطل جاری ہے۔
انٹرویوز کے دوران امیدواروں کی تعلیمی اسناد اور دیگر ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے، جبکہ سیکیورٹی اور انتظامی امور کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر حب خود اس عمل کی نگرانی اور مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ بھرتیوں کے تمام مراحل میں شفافیت، میرٹ اور انتظامی نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ حب کے مطابق وفاقی محکموں میں بھرتیوں کا بنیادی مقصد اہل اور مستحق امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور امیدواروں کو یکساں مواقع اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حب ریجن میں امیدواروں کے انٹرویوز کا شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے۔